بھٹکل 23 جنوری (ایس او نیوز) ضلع جنوبی کینرا کے موڈبیدری میں 13 جنوری کو منعقدہ آل انڈیا کراٹے چمپن شپ میں بھٹکل کے تمام گیارہ طلبہ نے شاندار پرفارمینس پیش کرتے ہوئے جملہ تیرہ گولڈ میڈلس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
بھٹکل میں کراٹے کے دو انسٹی ٹیوشن ہیں، جس میں سے امرشاہ کراٹے اینڈ فٹنس اکیڈمی سے آٹھ طلبہ اور الائنس مارشل آرٹس کے تین طلبہ نے مقابلہ میں اپنے اپنے اسکولوں کی طرف سے حصہ لیا تھا۔ امر شاہ کراٹے اینڈ فٹنس کے امرشاہ بندری نے بتایا کہ فائٹ اور ایکشن کے دو زمروں میں ان کے انسٹی ٹیوٹ کے آٹھ طلبہ شریک ہوئے تھے جنہوں نے جملہ دس گولڈ میڈلس دو سلور اور چار برانز میڈلس جیتا ہے۔
اسی طرح الائنس مارشل آرٹس کے اسماعیل نے بتایا کہ ان کے انسٹی ٹیوشن سے تین طلبہ شریک ہوئے تھے اور تینوں نے فائٹ کے زمرے میں گولڈ میڈل اور ایکشن کے زمرے میں ایک کو سلور اور دو کو برانز میڈل ملا ہے۔
الائنس مارشل آرٹس کے فاونڈر اسماعیل نے بتایا کہ بھٹکل کے نوجوان کرکٹ اور کبڈی کی طرف زیادہ توجہ دیتے ہیں، لیکن اگر نوجوان کراٹے کی طرف بھی توجہ دیں تو ملک بھر میں بھٹکل کا نام روشن کرسکتے ہیں، کراٹے میں ماہر ہوکر ہمارے نوجوان ایشین گیمز اور اولمپکس گیمس میں بھی اپنی قسمت آزماسکتے ہیں اور بھٹکل کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ کراٹے میں بھی ماہر بنیں۔ مزید کہا کہ بھٹکل کے نوجوانوں میں ہمت اور بہادری کی کمی نہیں ہے، بہترین ٹیلنٹس ہے، مگر اس کا صحیح استعمال ہونا چاہئے۔
الائنس مارشل آرٹس کی طرف سے جن تین طلبہ نے مقابلوں میں حصہ لے کر بھٹکل کا نام روشن کیا،اُن کی تفصیل اس طرح ہے:
انڈر 13 کے کراٹے فائٹ مقابلے میں شمس انگلش میڈیم اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے زاعم خیال ابن عبدالودود خیال نے کراٹے فائٹ میں گولڈ اورکراٹے ایکشن میں سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے، جبکہ انڈر 18 کے مقابلے میں محمد مُکرم ابن محمد سالم صوبیدار (متعلم انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپیوٹر اپلیکیشن) کو کراٹے فائٹ میں گولڈ اور ایکشن میں برانز میڈل حاصل ہوا ہے۔ اسی طرح انجمن آرٹس سائنس کامرس کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کے شعبہ کامرس کےبی کام ففتھ سم میں زیر تعلیم محمد شماس ابن محمد جعفر کو انڈر 20 میں کراٹے فائٹ میں گولڈ اور ایکشن میں برانز میڈل حاصل ہوا ہے۔
امر شاہ کراٹے اینڈ فٹنس کے جن آٹھ طلبہ نے مقابلوں میں حصہ لیا تھا اُس میں سے تین طلبہ نے فائٹ اور ایکشن دونوں زمروں میں گولڈ میڈلس جیتا ہے، جبکہ دیگر پانچ طلبہ میں سے چار نے ایک ایک گولڈ اور ایک طالب علم نے فائٹ میں سلور اور ایکشن میں برانز میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے، تفصیل اس طرح ہے۔
امر شاہ کراٹے ایند فٹنس کے صدر امر شاہ بندری کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق انڈر دس کے زُمرے میں آنند آشرم کانوینٹ اسکول کے محمد رُمیل جوباپو، انڈر 11 کے زُمرے میں اسی اسکول کی شِزا ندیم شاہ بندری اورانڈر 21 کے زُمرے میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے محمد کاشف رکن الدین، ان تینوں نے فائٹ اورایکشن دونوں میں اول مقام حاصل کرتے ہوئے دو، دو گولڈ میڈلس جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انڈر6 کے زُمرے میں شمس اسکول کے اسماعیل آماش علی باپونے فائٹ میں اول مقام اور ایکشن میں برانز میڈل ،انڈر 10 میں مکتب جامعہ اسلامیہ کے علی رکن الدین نے فائٹ میں اول اور ایکشن میں سلور میڈل، انڈر 10 میں بھٹکل ویمنس سینٹر کے فلاح ایم جے نے فائٹ میں گولڈ اور ایکشن میں برانز میڈل اور انڈر 10 کے فائٹ اور ایکشن میں جامعہ اسلامیہ کے محمد ہود محتشم کوبالترتیب گولڈ اور برانز میڈل حاصل ہوا ہے اور بھٹکل علی پبلک اسکول کے احمد رُکن الدین کو انڈر 10 کے فائٹ میں سلور اور ایکشن میں برانز میڈل حاصل ہوا ہے۔ اس طرح دو انسٹی ٹیوٹ کے ان گیارہ طلبہ نے بھٹکل کو جملہ 13 گولڈ میڈلس، تین سلور اور چھ برانز میڈلس دلایا ہے۔
بتاتے چلیں کہ موڈ بیدری میں منعقدہ کراٹے کا مقابلہ شورین ریوئیو کراٹے اسوسی ایشن کی طرف سے منعقد کیا گیا تھا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے قریب 600 طلبہ شریک ہوئے تھے۔
کراٹے میں بھٹکل کا نام روشن کرنے پرمختلف اداروں کےذمہ داران نے کراٹے کے دونوں انسٹی ٹیوشن سمیت مقابلہ میں شریک تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
